جمعہ، 28 جون، 2024

سی سی پی کا مشروبات کمپنیوں کی گمراہ کن پیکیجنگ کا نوٹس

 سی سی پی کا مشروبات کمپنیوں کی گمراہ کن پیکیجنگ کا نوٹس

 


اسلام آباد  :  28  جون  2024 

 

 کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی)  نے پندرہ مشروبات بنانے والی کمپنیوں کے خلاف اپنی مصنوعات کی پیکیجنگ کے ذریعے غلط اور گمراہ کن معلومات پھیلانے پر کارروائی شروع کر دی ہے۔

 

سی سی پی ابتدائی جانچ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ مینوفیکچررز اپنی پیکیجنگ پر متعدد پھلوں، سبزیوں اور جڑی بُوٹیوں کی تصاویر نمایاں طور پر آویزاں کرتے ہیں، جس سے یہ تاثر پیدا ہوتا ہے کہ اِن کی مصنوعات خالصتاً تصویر والے اجزاء سے نکالی گئی ہیں یا ان میں ان کے تصویر والے اجزاء کے گُودے، پیسٹ یا قدرتی ذائقے شامل ہیں۔

 

سی سی پی نے پاکستان میں فروخت ہونے والی اور بین الاقوامی منڈیوں میں فروخت کے لیے برآمد کی جانے والی ایک ہی مصنوعات کی پیکنگ کے درمیان فرق کو بھی بڑی تشویش کے ساتھ دیکھا ہے۔ اسی طرح، ایک ہی لیبل پر تصویر والے اجزاء اور اجزاء کی تفصیل میں فرق دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ دو معروف مینوفیکچررز نے بین الاقوامی منڈیوں کے لیے تیار کردہ مصنوعات پر اسی طرح کے پھلوں کے گرافکس کو شائع کرنا چھوڑ دیا ہے، جو پاکستانی صارفین کو گمراہ کرنے کی دانستہ کوشش کی نشاندہی کرتا ہے۔

 

اس طرح کی غلط بیانیاں صارفین کو مصنوعات کی اصل نوعیت اور غذائیت کے بارے میں گمراہ کرتی ہیں، خاص طور پر جب یہ دعوے ثابت بھی نہ کئے جا سکیں۔ مصنوعات کی پیکیجنگ پر بے بنیاد اجزاء کی تصاویر کا استعمال کمپٹیشن ایکٹ، 2010 کے سیکشن 10 کی روشنی میں دھوکہ دہی پر مبنی مارکیٹنگ کے طریقوں کے زُمرے میں آتا ہے۔

 

 سی سی پی مینوفیکچررز سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مقامی اور بین الاقوامی منڈیوں کے لیے اپنی مصنوعات کی پیکیجنگ اور  لیبلنگ میں یکسانیت رکھیں تا کہ دوہرے معیارات سے بچا جا سکے۔ یہ ضروری ہے کہ پروڈکٹ کی پیکیجنگ پر استعمال ہونے والی تصویر یا تفصیل پروڈکٹ کے حقیقی مواد کی درست عکاسی کرے۔

 

سی سی پی صارفین پر بھی زور دیتا ہے کہ وہ مناسب احتیاط برتیں اور مشروبات کی خریداری کے دوران دلکش پھلوں کی تصویروں پر انحصار نہ کریں۔ نیز صارفین کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ پیکیجنگ سے متعلق غلط اور/یا گمراہ کن معلومات علم میں آنے پر کمیشن کو فوری مطلع کریں۔

 

سی سی پی منصفانہ کمپٹیشن کو فروغ دینے اور صارفین کو کمپٹیشن مخالف رویوں سے محفوظ رکھنے کے لئے سر گرمِ عمل ہے۔

 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad

Your Ad Spot