جمعرات، 4 جولائی، 2024

اخباری صنعت میں ورکرز کے معاشی استحصال پر شدید تشویش ہے, بی یو جے

 بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کا میڈیا مالکان بشمول اخبارات مالکان کی جانب سے مزدور کی کم ازکم اجرت کی حکومتی پالیسی پر عدم عمل درآمد نہ کرنے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ 

حکومت بلوچستان کی جانب سے اشتہارات کے بجٹ میں حالیہ 70 فیصد اضافہ خوش آئند ہے، میڈیا مالکان کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنے دفاتر میں مزدور کی کم از کم ماہانہ تخواہ کی حکومتی پالیسی کو ہر صورت یقینی بنائے، بی یو جے کا حکومت بلوچستان سے مطالبہ

بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے میڈیا مالکان بشمول اخبارات مالکان کی جانب سے مزدور کی کم ازکم اجرت کی حکومتی پالیسی پر عدم عمل درآمد نہ کرنے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے اپنے ایک جاری بیان میں وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی سربراہی میں موجودہ صوبائی حکومت کی جانب سے اشتہارات کے بجٹ میں 70 فیصد اضافے کو خوش آئند  قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ میڈیا مالکان کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنے دفاتر میں مزدور کی کم از کم ماہانہ تخواہ کی حکومتی پالیسی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ 

حکومت بلوچستان کے اعلامیہ کے مطابق صوبے میں  مزدورکی  کم از کم ماہانہ تخواہ 37 ہزار روپے طے کی گئی ہے، اس کے برعکس بلوچستان میں میڈیا کے اداروں سے وابستہ ورکرز کا بری طرح استحصال کیا جارہا ہے، انتہائی افسوس سے کہنا پڑرہا ہے کہ حکومت بلوچستان سے ماہانہ کروڑوں روپے اشتہارات لینے والے اخبار و دیگر میڈیا مالکان اپنے دفاتر میں کام کرنے والے ورکرز کو 4 ہزار سے 20 ہزار تک تنخواہ دے رہے ہیں جو نہ صرف حکومتی احکامات اور قوانین کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے بلکہ انسانی حقوق کی بھی صریح خلاف ورزی ہے۔ 

 حالیہ بجٹ میں حکومت بلوچستان نے اخبارات کے اشتہارات کا بجٹ 70فیصد بڑھا دیا ہے جو خوش آئند ہے لیکن مالکان کو کم سکم ماہانہ تنخواہوں کو 37 ہزارروپے  کرنے ہدایت نہیں کی گئیں ہیں۔ 

 گلگت بلتستان حکومت اس حوالے سے داد تحسین کی مستحق ہے کہ اس نے میڈیا مالکان کو مزدور کی بنیادی تنخواہ پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ 

بلوچستان یونین آف جرنلسٹس حکومت بلوچستان سے بھی مطالبہ کرتی ہے کہ وہ گلگت بلتستان حکومت کے نوٹیفکیشن جاری کردہ 7مئی 2024 کے مطابق میڈیا مالکان کو  ہدایت جاری کرے اور اشتہارات کے اجراء کو اجرت کی پالیسی پر من وعن عمل درآمد سے منسلک کیا جائے۔ 

بی یو جے کو بلوچستان کی اخباری صنعت میں ورکرز کے معاشی استحصال پر شدید تشویش ہے، صحافیوں کی نمائندہ تنظیم یہ سمجھتی ہے کہ اجرت کی پالیسی پر عمل درآمد ایک حقیقی مسئلہ ہے لہٰذا اخباری صنعت میں کم از کم ویجز پر عمل نہ کرنے والے اخباری مالکان کے سرکاری اشتہارات بند کردیے جائیں

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad

Your Ad Spot